ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری ، شکایات کی شنوائی

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ جس میں شہریوں کی شکایات سنی گئیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے ایس پیز،ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوز کو اکارروائی کیلئے احکامات بھی   جاری  کئے گئے۔ ایک شہری کی درخواست پر کارروائی میں تاخیر پر ایس ایچ او مصطفیٰ آباد کی سرزنش کی گئی، جبکہ ایس ایچ او سندر کو شہری محمد شفیق کی لین دین کی دستاویزات کی جانچ کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا۔مزید برآں، ایک شہری سے مبینہ طور پر جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے وصول کرنے کی شکایت پر اے ایس پی کینٹ کو انکوائری کرنے کا حکم دیا گیا۔ اسی طرح، خاتون گل یاسین کے گھر بغیر وارنٹ چھاپہ مارنے اور انہیں حراساں کرنے پر ایس پی سٹی کو بھی انکوائری کا حکم دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے متعلقہ تھانوں کو شہریوں کی درخواستوں پر فوری کارروائی کرنے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کرکے شہریوں کو فوری انصاف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو ان کا جائز حق دلوانا ہماری ذمہ داری ہے۔