لاہور پولیس نے سندھ کو مطلوب اشتہاری گرفتار کرلیا

 ای پولیس ایپ کی مدد سے موبائل اسکواڈ نے پبلک ٹرانسپورٹ میں کارروائی کی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایات پر شہر کے ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کا بھرپور استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ اشتہاریوں اور پیشہ ور ملزمان کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں سندھ پولیس کو اسلحے کے زور پر اغوا اور نقب زنی کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ موبائل اسکواڈ نیو راوی نے چیکنگ کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ سے ملزم کو حراست میں لیا۔ ای پولیس ایپ کے ذریعے کریمنل ریکارڈ چیک کرنے پر ملزم اے کیٹیگری کا اشتہاری نکلا، جو اسلحے کے زور پر اغوا اور نقب زنی کے مقدمے میں تھانہ گھوٹکی، سندھ پولیس کو چار سال سے مطلوب تھا۔ گرفتار ملزم سکندر کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ شاہدرہ ٹا ئون کے حوالے کر دیا گیا جبکہ متعلقہ پولیس کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث اور مطلوب ملزمان پولیس کی خصوصی کارروائیوں کا ہدف ہیں، ان کی گرفتاری کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ موبائل اسکواڈ ناکہ جات پر ایپ کی مدد سے سینکڑوں اشتہاری ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا چکے ہیں