سندھ کو مطلوب اشتہاری لاہور میں گرفتار

دہشت گردوں کی معاونت پر مقدمہ درج، چھ سال سے روپوش تھا
لاہور(کرائم رپورٹر) سندھ پولیس کو دہشت گردی کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن ٹیم نے گلشن راوی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ گلشن اقبال ایسٹ (سندھ) میں دہشت گردوں کی مالی معاونت و سہولت کاری کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ملزم کے خلاف 6 سال قبل دہشت گردوں کی سہولت کاری، جائیداد و فنڈنگ میں معاونت کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور میں روپوش تھا۔ ملزم صدیق کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ گلشن راوی منتقل کرکے سندھ پولیس کو مطلع کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کے مطابق ڈولفن سکواڈ ای پولیس پوسٹ ایپ کی مدد سے بین الصوبائی ملزمان کو بھی قانون کی گرفت میں لا رہے ہیں۔