اسلام آباد(بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے پہلے خلاباز مشن پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے خلائی پروگرام میں سپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے خلابازوں کے لیے مشن کی کامیابی اور بحفاظت واپسی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے اور یہ مشن سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے قومی عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا تعاون پاکستان کے خلائی سفر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ یہ تاریخی مشن ملکی خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گا۔ صدر مملکت کے مطابق خلائی مشن کے سائنسی تجربات تحقیق اور علم کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے، جبکہ انسانی خلائی پرواز میں شرکت تحقیق، سیکھنے اور جدت کے فروغ کا ذریعہ ہے۔