صدرِ مملکت و وزیراعظم کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد،پاکستانی مسیحیوں کو ان کی خدمات کے باعث احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے

 مشکل گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے:، شہباز شریف
مسافر بسوں کو 1 لاکھ روپے ماہانہ اور منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ ، ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار ، ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے:وزیرِ اعظم
 ہم آج بھی پنجاب اسمبلی کے مسیحی سپیکر ایس، پی، سنگھا کے قیامِ پاکستان میں تاریخی کردار کو یاد رکھتے ہیں، ہر پاکستانی 1965 کی جنگ میں سیسل چوہدری کے بہادرانہ کردار کو بھی یاد رکھتا ہے: آصف زرداری 
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر حکومت کی جانب سے سبسڈی کے نفاذ پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کو سبسڈی کی فراہمی پر پیش رفت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں ایندھن کے ذخائر اور کھپت پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسافر بسوں کو 1 لاکھ روپے ماہانہ اور منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے، تاکہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو، اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار جبکہ ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔نظام میں شفافیت کیلئے یہ رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہے، سبسڈی کی رقوم کی فراہمی کی فی الفور ہدایت کی جس کا آغاز گزشتہ روز سے ہو چکا ہے۔جو سبسڈی پیر کے دن سے فراہم کی جانی تھی، اس کا وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر، ہفتے کوچھٹی والے، دن آغاز ہوچکا ہے، اس سبسڈی کو مہیا کرنے کے لیے تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے ٹرک، بسیں اور مال بردار گاڑیوں کی تفصیلات وفاقی حکومت کو فراہم کی گئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت کی جانب سے قومی پیکیج کے لیے طے شدہ رقم جمع کرا دی گئی ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔وزیراعظم نے وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کا کہ امید ہے کہ باقی صوبے بھی اس پیکج کے لئے جلد از جلد طے شدہ رقوم جمع کرا دیں گے، گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا گیا، مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول لیوی میں فی الفور 80 روپے فی لیٹر کی کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا، پاکستان ریلوے 6 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے جس کی بدولت مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا، ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ بھی واپس لے لیا گیا ہے.وزیرِ اعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہے، عوامی ریلیف کے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں، اجلاس کو انٹیلیجینس بیورو کی جانب سے حکومتی کفایت شعاری و سادگی اقدامات کے نفاذ پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء  ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طلحہ برکی، طارق باجوہ، ڈی جی آئی بی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں مقیم مسیحی شہریوں اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے یہ دن ہمدردی، امید، تجدید، ازسرِ نو زندگی، تازگی، نجات، زندگی کی موت پر اور اچھائی کی برائی پر فتح کا واضح پیغام دیتا ہے۔صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان میں یہ اقدار محض نظریاتی نہیں بلکہ عملی زندگی میں نظر آتی ہیں، مسیحی مرد و خواتین ہمارے سکولوں، ہسپتالوں، سرکاری خدمات اور مسلح افواج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی خاندان اس دن کو عبادت اور باہمی میل جول کے ذریعے مناتے ہیں،ان کی خدمات ہمارے معاشرے کے معمول کے نظام کا حصہ ہیں اور یہ اعتراف اور احترام کی مستحق ہیں، پاکستانی مسیحیوں کو وطن کے لیے ان کی خدمات کے باعث قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ ہم آج بھی پنجاب اسمبلی کے مسیحی سپیکر ایس، پی، سنگھا کے قیامِ پاکستان میں تاریخی کردار کو یاد رکھتے ہیں، ہر پاکستانی 1965 کی جنگ میں سیسل چوہدری کے بہادرانہ کردار کو بھی یاد رکھتا ہے، قائداعظم ریاست کے لیے ایک واضح سمت متعین کی تھی، جو تمام شہریوں کے لیے مذہب اور نسل سے بالاتر ہو کر مساوات، آزادی اور تحفظ پر مبنی ہے۔ یہ اصول پاکستان کے آئین میں شامل ہیں، جو ہر شہری کو برابر کے حقوق اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔