نومنتخب امریکی صدر کو دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات

واشنگٹن (آئی این پی)دنیا بھر سے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر تہنیتی پیغامات ملنا شروع ہوگئے۔امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہونے کے بعد امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوئے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ عہدہ صدرارت پر فائز ہو رہے ہیں۔نومنتخب امریکی صدر کو دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ڈونلڈ اور میلانیا ٹرمپ کو تاریخ کی سب سے بڑی واپسی مبارک ہو، وائٹ ہائوس میں آپ کی تاریخی واپسی امریکا کے لیے ایک نئی شروعات اور اسرائیل اور امریکا کے درمیان عظیم اتحاد کے لیے مضبوط عزم کی نشاندہی کرتی ہے، یہ ایک عظیم فتح ہے۔فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے ماضی کی طرح ایک بار پھر 4 سال تک مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے بھی ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں، امریکا و برطانیہ کے تعلقات کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پیغام میں ٹرمپ کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارت امریکا تعلقات مضبوط بنانے، جامع عالمی اور اسٹریٹجک شراکت داری کا منتظر ہوں۔علاوہ ازیں اٹلی کے وزیرِ اعظم، یوکرین کے صدر، چیک ری پبلک کے وزیرِ اعظم سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور نیٹواتحاد بھی ٹرمپ کو ایک بار پھر امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کر رہے ہیں اور ایک ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کر رہے ہیں۔