لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر امجد قمر کی تبادلے کی منسوخی سے متعلق درخواست پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ مرحوم کانسٹیبل عبدالرشید کے بیٹے کی بھرتی سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ اے ایس آئی محمد اسلم کی مقدمے کی تفتیش سے متعلق درخواست پر آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی او راجن پور کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی، جبکہ سب انسپکٹر محمد اصغر کی ترقی سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو معاملہ زیر غور لانے کا حکم دیا گیا۔ ریٹائرڈ انسپکٹر شیر زمان کی طبی امداد کے لیے مالی معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ہدایات جاری کی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، انتظامی امور، ترقی اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی۔