آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین سے ملاقات، مسائل کے فوری حل کے احکامات

  لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق تین ٹریفک وارڈنز کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی۔ ہیڈ کانسٹیبل طارق اقبال کی طبی امداد اور کانسٹیبل وقار عظیم کے بیٹے کے سماعت کے علاج کے لیے مالی معاونت کی درخواستوں پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری اقدامات کا حکم دیا گیا۔ مرحوم اے ایس آئی محمد عادل حسین کے بیٹے کی بھرتی، جونیئر کلرک محمد شاہ زیب کے تبادلے اور انسپکٹر شہزاد امین کے تبادلے کی منسوخی سے متعلق درخواستوں پر بھی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں۔ شہید کانسٹیبل محمد صدام کے والد کی مالی امداد کی درخواست پر بھی ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو کارروائی کا حکم دیا گیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، انتظامی امور، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے۔