سنٹرل پولیس آفس میں ملازمین اور اہلخانہ کی درخواستوں پر فوری ریلیف کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔تفصیلات کے مطابق مرحوم اے ایس آئی مختار احمد کی اہلیہ کی قانونی کارروائی سے متعلق درخواست پر آئی جی پنجاب نے ڈی پی او خوشاب کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی۔ ڈرائیور کانسٹیبل تنویر حیات کی ٹرانسفر کی درخواست پر ڈی آئی جی آر ایم پی کو ریلیف فراہمی کی ہدایت جاری کی گئی۔سابقہ کانسٹیبل محمد راحیل کی سروس بحالی کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی جبکہ ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد شفیع کی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری احکامات جاری کیے گئے۔مرحوم سابقہ کانسٹیبل محمد افضال کی بیوہ کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔