ٹائر پھٹنے سے گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر1 بھائی ہلاک، دوسرا زخمی

 ڈیفنس فیز تھری میں حادثہ،28 سالہ عامر دم توڑ گیا ، سلیم ہسپتال میں زیر علاج،ملزم رضا کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ
لاہور (کرائم رپورٹر) خیابانِ جناح روڈ، ڈیفنس فیز تھری میں کار اور موٹر سائیکل کے درمیان پیش آنے والے حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔ فوٹیج کے مطابق کار کا ٹائر اچانک پھٹنے سے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور موٹر سائیکل سوار دو بھائی اس کی زد میں آ گئے۔ حادثے میں زخمی ہونے والا 28 سالہ عامر حمزہ تین روز تک زیرِ علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کا 35 سالہ بھائی سلیم تاحال زیرِ علاج ہے۔ حادثے میں ملوث کار رضا الٰہی چلا رہا تھا، جسے ڈیفنس اے پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ٹریفک پولیس نے ملزم کو موقع سے گرفتار کرکے تھانہ ڈیفنس اے کی انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کیا، جہاں وہ دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔