لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ خواتین کو تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں، جبکہ خواتین اور بچیوں پر تشدد کا خاتمہ معاشرے کے تمام طبقات، بالخصوص حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ دراصل انسانی حقوق کا تحفظ ہے۔ کسی بھی خاتون یا بچی کو تشدد، خوف اور عدم تحفظ کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے، تعلیم کو فروغ دینے اور مردوں کے مثبت کردار کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ خواتین کے تحفظ کے لیے موجود قوانین پر مؤثر عملدرآمد بھی ناگزیر ہے تاکہ تشدد میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
خواتین کے وقار اور مساوی حقوق کا تحفظ ضروری ہے
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اسلام نے خواتین کو عزت اور قابل احترام مقام عطا کیا ہے، جبکہ آئین پاکستان بھی خواتین کے وقار، مساوات اور قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں ان کی شرکت کی ضمانت دیتا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خواتین کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کام کی جگہوں پر ہراسگی سے محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔ خواتین کے لیے ایسا ماحول ہونا چاہیے جہاں وہ بلاخوف اپنی صلاحیتوں کے مطابق پیشہ ورانہ اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں آن لائن تشدد اور ہراسگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جانے چاہئیں، تاکہ خواتین اور بچیاں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی محفوظ رہ سکیں۔