کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کم عمری، جبری اور قبل از وقت شادیاں بچوں کے بنیادی حقوق اور مساوی مواقع کی نفی ہیں، ان نقصان دہ روایات کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق کم عمری، جبری اور قبل از وقت شادیوں کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بچوں، بالخصوص بچیوں کے حقوق، تعلیم اور خودمختاری کے تحفظ کو اپنی جمہوری اور ترقی پسند سیاست کا محور بنایا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کم عمری اور جبری شادیوں کے باعث بچوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں اور انہیں تعلیم، ترقی اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع سے محروم ہونا پڑتا ہے۔ اس لیے اس روایت کے خاتمے کے لیے حکومت اور معاشرے کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی روشنی میں سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے 2013 میں تاریخی قانون سازی کرتے ہوئے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی تھی، جبکہ اس قانون کی خلاف ورزی کو قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ متعلقہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں اور تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ سماجی شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کریں تاکہ کم عمری، جبری اور قبل از وقت شادیوں جیسی نقصان دہ روایات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔