ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کا اختتام، شاندار آتش بازی کا مظاہرہ

ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کا اختتام، شاندار آتش بازی کا مظاہرہ

ننکانہ صاحب: سکھ مذہب کے بانی سری بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کے 557ویں جنم دن کی تقریبات ننکانہ صاحب میں اختتام پذیر ہو گئیں۔

 اختتامی تقریب کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جس سے ننکانہ صاحب کا آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ آتش بازی کے خوبصورت مناظر نے دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کو خوب محظوظ کیا۔اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے آتش بازی کے دلکش مناظر سے لطف اٹھایا اور تقریبات کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں دنیا بھر سے تقریباً 25 سے 30 ہزار سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر یاتریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔تقریبات کے دوران سکھ یاتریوں کو بہترین سکیورٹی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے مختلف مقامات پر انتظامات کی نگرانی کی تاکہ مذہبی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں اور یاتریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پاکستان آمد پر سکھ یاتریوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ یاتریوں کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان میں جس محبت، عزت اور مہمان نوازی کا احساس دلایا گیا، وہ ان کے لیے یادگار رہے گا۔بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات نے ایک مرتبہ پھر پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المذاہب احترام کی خوبصورت مثال قائم کی۔ ان تقریبات کے ذریعے پاکستان کے پُرامن، مہمان نواز اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کا احترام کرنے والے تشخص کو بھی اجاگر کیا گیا۔تقریبات کا اختتام بابا گورو نانک دیو جی کے پیغامِ امن، محبت، بھائی چارے اور انسانیت کے فروغ کے عزم کے ساتھ ہوا۔