بنگلہ دیش میں مزدوروں کی کم از کم ماہانہ تنخواہ میں 4,500 ٹکا اضافہ

بنگلہ دیش میں مزدوروں کی کم از کم ماہانہ تنخواہ میں 4,500 ٹکا اضافہ

 بنگلادیش میں کئی ہفتوں سے جاری مزدوروں کے احتجاج اور گارمنٹس فیکٹریوں کی بندش کے بعد حکومت نے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 12 ہزار 500 ٹکا سے بڑھا کر 17 ہزار ٹکا مقرر کر دی۔

نئی اجرت کا فیصلہ مزدوروں اور فیکٹری مالکان کے نمائندوں کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد کیا گیا ہے، جسے گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران کم ترین اضافوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔بنگلادیش کی گارمنٹس انڈسٹری ملکی معیشت میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور اس شعبے سے 40 لاکھ سے زائد افراد وابستہ ہیں، جبکہ ملک کی مجموعی برآمدات میں اس صنعت کا حصہ 80 فیصد سے زیادہ ہے۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے گارمنٹس ورکرز تنخواہوں میں اضافے اور بہتر معاشی حالات کے لیے احتجاج کر رہے تھے۔مزدوروں کے مظاہروں کے باعث مختلف علاقوں میں فیکٹریاں بند ہوئیں، اہم شاہراہیں بلاک رہیں اور صنعتی و پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ بعض مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جس کے نتیجے میں ملک کی اہم برآمدی صنعت کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ اجرت بورڈ نے مزدوروں اور فیکٹری مالکان کے نمائندوں کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد بدھ کی رات 2 بجے نئے تنخواہوں کے ڈھانچے کی منظوری دی۔ اجرت بورڈ کے 6 رکنی پینل میں مزدوروں اور آجرین کے دو، دو نمائندے شامل تھے، جبکہ باقی ارکان بھی فیصلے کے عمل کا حصہ تھے۔

مزدوروں کے نمائندے بابل اختر کے مطابق بورڈ کے 4 ارکان نے کم از کم ماہانہ تنخواہ 17 ہزار ٹکا، جو تقریباً 139 امریکی ڈالر بنتی ہے، مقرر کرنے کی حمایت کی، جبکہ دو ارکان نے 18 ہزار ٹکا کم از کم اجرت مقرر کرنے کے مطالبے پر اپنا مؤقف برقرار رکھا۔ یوں نئے تنخواہوں کے ڈھانچے کی منظوری 4 کے مقابلے میں 2 ووٹوں سے دی گئی۔نئے فیصلے کے تحت گارمنٹس ورکرز کے لیے چار درجات پر مشتمل تنخواہوں کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ اس نظام کے مطابق گریڈ 4 کے ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 17 ہزار ٹکا جبکہ گریڈ 1 کے ملازمین کی ماہانہ اجرت 21 ہزار 500 ٹکا مقرر کی گئی ہے۔اس سے قبل گارمنٹس ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 12 ہزار 500 ٹکا تھی، جس میں اب 4 ہزار 500 ٹکا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح کم از کم اجرت میں تقریباً 36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔مذاکرات کے ابتدائی مرحلے میں مزدور تنظیموں نے کم از کم ماہانہ تنخواہ 32 ہزار ٹکا مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم بعد ازاں یہ مطالبہ کم کرکے 18 ہزار ٹکا کر دیا گیا۔ دوسری جانب فیکٹری مالکان نے ابتدا میں 15 ہزار ٹکا ماہانہ تنخواہ کی پیشکش کی تھی، جسے مذاکرات کے دوران بڑھا کر 17 ہزار ٹکا کر دیا گیا۔

فیکٹریوں کی بندش سے کروڑوں ڈالر کا نقصان

گارمنٹس ورکرز کے احتجاج نے بنگلادیش کی اہم ترین برآمدی صنعت کو شدید متاثر کیا۔ بنگلادیش گارمنٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (بی جی ایم ای اے) کے مطابق احتجاج اور مزدوروں کی ہڑتالوں کے باعث منگل کے روز 397 فیکٹریاں کام کرنے سے قاصر رہیں، جبکہ مزید 84 فیکٹریاں لیبر قوانین کے تحت ’کام نہیں تو تنخواہ نہیں‘ کی شق کے تحت بند رہیں۔

بی جی ایم ای اے کے ایک سروے کے مطابق 18 روز تک جاری رہنے والی پیداواری رکاوٹوں کے دوران 317 فیکٹریوں کو مجموعی طور پر تقریباً 428 ملین ڈالر کا پیداواری نقصان ہوا، جبکہ بین الاقوامی خریداروں نے تقریباً 254 ملین ڈالر کے آرڈرز بنگلادیش سے دوسرے ممالک منتقل کر دیے۔فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں مزید اضافہ پیداواری لاگت بڑھا سکتا ہے، جس سے عالمی منڈی میں بنگلادیشی گارمنٹس مصنوعات کی مسابقتی حیثیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کے مطابق پہلے ہی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں اور پیداواری اخراجات کے حوالے سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

دوسری جانب مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا مؤقف ہے کہ مہنگائی اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کے باعث موجودہ اجرت ملازمین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ ان تنظیموں کے مطابق گارمنٹس انڈسٹری کے طویل مدتی استحکام اور مزدوروں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مناسب تنخواہوں کی ادائیگی ضروری ہے۔

نئی تنخواہوں کا اطلاق کب ہوگا؟

حکومت کی جانب سے منظور کردہ نئے تنخواہوں کے ڈھانچے کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا، جبکہ گارمنٹس ورکرز کو نظرثانی شدہ تنخواہیں جنوری سے ملنے کی توقع ہے۔ اس فیصلے کے بعد لاکھوں مزدوروں کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ ہوگا، تاہم مزدور تنظیموں کی جانب سے مقرر کردہ اجرت پر مزید تحفظات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق بنگلادیش میں گارمنٹس ورکرز کی کم از کم اجرت میں گزشتہ برسوں کے دوران مختلف اوقات میں اضافہ کیا گیا۔ 2023 میں کم از کم تنخواہ میں 56 فیصد، 2018 میں 51 فیصد اور 2013 میں 77 فیصد اضافہ ہوا تھا، جبکہ حالیہ 36 فیصد اضافہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران سب سے کم قرار دیا جا رہا ہے۔