حافظ نعیم کا تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑا مطالبہ، سوا لاکھ تک تنخواہ پر انکم ٹیکس ختم کرنے کی تجویز

حافظ نعیم کا تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑا مطالبہ، سوا لاکھ تک تنخواہ پر انکم ٹیکس ختم کرنے کی تجویز

حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ماہانہ ایک لاکھ 25 ہزار روپے تک تنخواہ لینے والے افراد پر انکم ٹیکس مکمل طور پر ختم کیا جائے تاکہ مڈل کلاس طبقے کو ریلیف مل سکے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے صرف تنخواہ دار مڈل کلاس طبقے سے 605 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا، جس کے باعث یہ طبقہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی بچوں کی تعلیم، بجلی اور گیس کے بلوں، مہنگے پٹرول، مختلف لیویز اور روزمرہ اشیائے خورونوش پر عائد ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ حکومتی معاشی پالیسیوں نے متوسط طبقے کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو فوری ریلیف دیا جائے۔ ان کے مطابق ایک لاکھ 25 ہزار روپے ماہانہ تک تنخواہ والوں پر انکم ٹیکس مکمل ختم کیا جائے جبکہ اس سے زائد آمدن والوں کے ٹیکس کی شرح کم از کم آدھی کی جائے۔

انہوں نے مزید تجویز دی کہ زیادہ سے زیادہ انکم ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کی جائے تاکہ پروفیشنل افراد اور ماہرین ملک چھوڑنے پر مجبور نہ ہوں۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ بدترین ٹیکس نظام کی وجہ سے قابل اور تعلیم یافتہ افراد تیزی سے بیرونِ ملک منتقل ہو رہے ہیں، جو ملکی معیشت اور انسانی وسائل کے لیے نقصان دہ ہے۔