لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور انتہائی تشویشناک ہے، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 332 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث لاہور کی فضا شہریوں کی صحت کے لیے خطرناک قرار دی جا رہی ہے۔
فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔فضائی آلودگی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملتان روڈ لاہور کا آلودہ ترین علاقہ رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ کر 500 تک پہنچ گیا۔ اسی طرح کاہنہ نو میں اے کیو آئی 431 ریکارڈ کیا گیا، جو فضائی آلودگی کی انتہائی بلند سطح کو ظاہر کرتا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق شاہدرہ میں فضائی آلودگی کی شرح 375، ڈی ایچ اے فیز 6 میں 326 اور واہگہ بارڈر کے علاقے میں 321 ریکارڈ کی گئی۔ ایجرٹن روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 303 رہا، جبکہ سفاری پارک میں 287 اور برکی روڈ پر 277 ریکارڈ کیا گیا۔شہر کے دیگر علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تسلی بخش نہیں رہی۔ گلبرگ تھری میں اے کیو آئی 257 جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے اطراف میں 241 ریکارڈ کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہر کے بیشتر علاقے آلودہ فضا کی لپیٹ میں ہیں۔
ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، کھانسی، گلے میں خراش اور آنکھوں میں جلن سمیت مختلف طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خصوصاً دمہ اور سانس کی دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے آلودہ فضا زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر نکلتے وقت معیاری حفاظتی ماسک استعمال کریں اور کھلی فضا میں ورزش یا جسمانی سرگرمیوں سے پرہیز کریں۔ بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔