لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 183 ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح 160 سے تجاوز کرگئی۔
فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو صاف ہوا کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح میں نمایاں کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سی ای آر پی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 187 ریکارڈ کیا گیا، بیدیاں روڈ پر اے کیو آئی 180 رہا، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 179 اور برکی روڈ پر 171 ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح ڈی ایچ اے فیز فائیو میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 165 اور ماڈل ٹاؤن میں 164 ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی طور پر شہر کے متعدد علاقوں میں ہوا کا معیار غیر صحت بخش سطح پر موجود ہے۔
دوسری جانب لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں ہوا 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ موسم خشک رہنے کے باعث فضائی آلودگی میں فوری اور نمایاں کمی کے حوالے سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔