لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 433 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہونے کا خدشہ ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح انتہائی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ شہریوں کو آلودہ فضا کے باعث صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق رائیونڈ، کاہنہ اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقے فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔ برکی روڈ پیراگون کے اطراف آلودگی کی شرح سب سے زیادہ 716 ریکارڈ کی گئی، جبکہ سی ای آر پی آفس کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 629 تک جا پہنچا۔اسی طرح اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 617، بیدیاں روڈ پر 569 اور اے آر ایم کے علاقے میں 533 ریکارڈ کیا گیا۔ ماڈل ٹاؤن اے بلاک میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 422 رہا، جبکہ ایس آر سی کے علاقے میں 371 ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق کینٹ کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 297، ڈی ایچ اے فیز 5 بی بلاک میں 293 اور عسکری 10 میں 227 ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی اس قدر بلند سطح انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ آلودہ فضا کے باعث سانس کے امراض، کھانسی، گلے میں خراش، آنکھوں میں جلن اور دل و پھیپھڑوں کے مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے، خصوصاً بچے، بزرگ اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔