بنگلہ دیش ،2بی این پی کارکن قتل ،عوامی لیگ رہنمائو ں کے 30مکانات نذرِ آتش

ڈھاکہ(آئی این پی ) بنگلہ دیش کے ضلع ناریل میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو کارکنوں کے قتل کے بعد عوامی لیگ کے رہنمائو ں اور کارکنوں کے تقریبا 30 مکانات کو آگ لگا دی گئی۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعات ضلع ناریل کے علاقے کالیہ کے گائو ں بیندار چار میں پیش آئے، جہاں جمعے توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور آتش زنی کا سلسلہ جاری رہاہے ۔اطلاعات کے مطابق 18 نومبر کو بی این پی کے ایک جلوس پر حملے میں دو مقامی رہنما شاہین شیخ اور سہیل شیخ ہلاک ہوگئے تھے۔ بی این پی رہنمائوں نے اس حملے کا الزام عوامی لیگ کے کارکنوں پر عائد کیا تھا۔واقعے کے بعد مقتولین کے رشتہ داروں اور حامیوں نے مبینہ طور پر عوامی لیگ سے وابستہ افراد کی املاک کو نشانہ بنایا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی۔