15 سال تک بنگلہ دیش ہمسایہ ملک کی کالونی بنا رہا، 1971 میں بھی جمہوریت مانگی تھی جو نہیں دی گئی، حافظ الدین احمد کی پارلیمنٹ میں سینئر صحافیوں سے گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) بنگلہ دیش کی پارلیمان کے سپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے اور بنگلہ دیشی حکومت اس پر پابندی عائد کرنے پر غور کررہی ہے۔ گزشتہ 15 برس کے دوران بنگلہ دیش ایک ہمسایہ ملک کی کالونی بن کر رہ گیا تھا، جس کے باعث بنگالی عوام مشکلات کا شکار رہے، تاہم اب عوام کو بھی اس صورتحال کا ادراک ہوچکا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے دورے کے موقع پر سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ بنگلہ دیشی عوام جمہوریت پسند ہیں اور کسی بھی قسم کی آمریت برداشت نہیں کرتے۔ 1971 میں بھی بنگالی عوام نے جمہوریت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن انہیں ان کا یہ حق نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بنگلہ دیش کو کبھی حقیقی جمہوریت میسر نہیں آسکی، جبکہ 1975 میں ملک میں یک جماعتی نظام متعارف کرایا گیا۔بنگلہ دیشی سپیکر نے 1971 کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اس وقت بنگالیوں کی مدد نہیں کی تھی بلکہ اس کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا تھا۔