پولیس نے سوسائٹی میں بھاری نفری تعینات کردی ‘ مین گیٹ پر کنٹینر رکھ دیا، قیام گاہ کے باہر اہلکار تعینات
جے یو آئی نے مولانا فضل الرحمان کی بازیابی اور قیام گاہ کے محاصرے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا
اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، کارکنوں کو جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمان کا ویڈیو لنک خطاب
لاہور(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب پولیس کی بھاری نفری نے لاہور میں امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کا محاصرہ کرلیا۔جے یو آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے جہاں انہیں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا تھا۔جے یو آئی کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے ان کی قیام گاہ کے باہر اہلکار تعینات کرکے انہیں باہر آنے سے روک دیا پولیس نے سوسائٹی میں بھاری نفری تعینات کردی جبکہ سوسائٹی کے مین گیٹ پر کنٹینر رکھ دیا، سوسائٹی کے رہائشیوں کو بھی آنے جانے سے روک دیا گیا۔جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں۔ انہیں رہائش گاہ سے باہر آنے سے روکنا بنیادی شہری آزادی اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔ جے یو آئی نے مولانا فضل الرحمان کی بازیابی اور قیام گاہ کے محاصرے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا‘دریں اثناء مولانا فضل الرحمان نے لاہور بار سے ویڈیو لنک خطاب میں کہا ہے میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، ہمارے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں، ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں جانے سے روکا جا رہا ہے، ریاستی جبر اور رکاوٹوں نے مجھے لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست مخاطب ہونے سے محروم رکھا۔ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے، ہم ملک میں امن کے داعی ہیں، قیامِ امن کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔ پاکستان کے ساتھ ہماری وفاداریاں شک و شبہ سے بالاتر ہیں، ان شاء اللہ اْن کی سازشیں بے نقاب ہوں گی، جمعیت علمائے اسلام کا ایک ایک کارکن استقامت کا پہاڑ بنا ہوا ہے، جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں، ہم نے وطن سے محبت کی ہے، وطن سے وفا کی ہے اور کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔