فضل الرحمن رات گئے گرفتاری و رہائی،آج پھر احتجاج
ضلعی انتظامیہ نے تمام راستے بند کر دیئے،متعدد گرفتاریاں، جے یو آئی سربراہ سمیت 9 علماکے داخلے پر پابندی ،ہم پْرامن لوگ ہیں، ہمارا راستہ کھول دیا جائے، ہم بھی بیٹھے ہیں، آپ بھی بیٹھے رہیں ،سی سی پی او آئے ہیں اب میں گرفتار ہوں :فضل الرحمن
لاہور(خصوصی رپورٹ )سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمن کو رات گئے گرفتار کرلیا گیا ،انہوں نے خطاب میں کہا کہ سی سی پی او آئے ہیں اب میں گرفتار ہوں جبکہ کارکن آج نماز جمعہ کے بعد پھر احتجاج کرینگے،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حافظ زین نے دعویٰ کیا کہ سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے انہیں گرفتار کیا۔دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا گیا، مولانا اپنے قافلے سمیت واپس اپنی رہائش گاہ پر چلے گئے ہیں، ملتان روڈ اور موٹروے کی ٹریفک رواں دواں ہے۔ قبل ازیں فضل الرحمن مرکزی قیادت کے ہمراہ قافلے سمیت گزشتہ روز دوپہر کے وقت لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کی نجی ہائو سنگ سوسائٹی میں واقع رہائشگاہ سے سرگودھا کیلئے روانہ ہوئے، قافلہ ملتان روڈ پر گھنٹوں ٹریفک میں پھنسا رہا ،بعدازاں سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر اپنے جاری ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سرگودھا میں انتظامیہ نے ہمارے جلسے کو روکنے کے لیے مختلف شہروں میں نقل و حرکت محدود کر دی ، کارکنوں کو سرگودھا، خوشاب اور دیگر اضلاع میں گرفتار کیا جا رہا ، مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا امجد خان بھی نظر بند ہیں، کارکن پورے ملک میں راستے، سڑکیں اور شاہراہیں بلاک کر دیں۔ احتجاج کی کال کے بعد جے یو آئی کارکنوں نے پشاور موٹر وے پر ہنگامہ آرائی کی اور سڑک کو بند کر دیا، کارکنوں نے زبردستی گاڑیاں روک لیں، پشاور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے، سوات ایکسپریس وے پر ٹریفک روک دی ،دوسری طرف کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے لیویز کی اضافی نفری روانہ کردی۔ مولانا فضل الرحمن کے بھائی سینیٹر عطا الرحمن نے بھیرہ انٹرچینج کے مقام پر دھرنا دے کر لاہور، اسلام آباد موٹروے کو بند کر دیا، موٹروے پر دونوں پر اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ ملتان میں جمعیت علما اسلام کے کارکنوں نے بہاولپور بائی پاس چوک پر احتجاج کیا ، پولیس نے جییو آئی کے صدر ملک معین، نائب امیر مولاناحبیب الرحمن اور دیگر کارکنان کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔ دریں اثناء مولانا فضل الرحمن نے لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب گاڑی سے نکل کر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہرقیمت پر سرگودھا پہنچیں گے، یہ جبر اور صبر کا مقابلہ ہے، راستہ کھولو ورنہ پورا ملک بند رہے گا، ہم صرف یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم پْرامن لوگ ہیں، ہمارا راستہ کھول دیا جائے، ورنہ ہم بھی بیٹھے ہیں، آپ بھی بیٹھے رہیں ، اپنے جیالوں، جوانوں اور مجاہدوں کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں کہ اس وقت کوہستان سے لے کر چترال تک، چمن سے لے کر مکران تک، پورا کراچی اور ملک کے دیگر حصے آپ کی استقامت کی وجہ سے بند ہو چکے ہیں،ان شاء اللہ!وہ تھک جائیں گے، ہم نہیں تھکیں گے ، ہم پورے تحمل اور صبر کے ساتھ آگے بڑھیں گے ، قوم کو ان کا حق دلائیں گے اور سول سپرمیسی کو طاقت دلائیں گے۔ جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب انتظامیہ سرگودھا کانفرنس کو ناکام بنانے کے لیے ’اوچھے ہتھکنڈے‘ استعمال کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں اے این پی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اورموجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے مولانا فضل الرحمن کے خلاف جاری مہم اورانکی نظربندی کی کوششوں کی مذمت کی اور مولانا فضل الرحمن سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران لاہور پولیس نے موقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمن نہ تو نظر بند ہیں اور نہ ہی ان کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد کی گئی ۔لاہور پولیس نے عدالت کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمن کسی مقدمے میں مطلوب نہیں، ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے نہ ہی ان کی گرفتاری کا کوئی امکان ۔ جمعیت علمائے اسلام (ف)نے 24 نومبر کو درخواست دائر کی تھی کہ مولانا فضل الرحمن کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر حبسِ بے جا میں رکھا گیا ہے۔ سرگودھا کی ضلعی انتظامیہ کے جمیعت علمائے اسلام (ف)کی کانفرنس کے پیش نظر سخت اقدامات ،مولانا فضل الرحمن سمیت 9 علماء کے سرگودھا داخلے، قیام اور موجودگی جبکہ 19 افراد بشمول علما کے تقاریر پر 30 روز کیلئے پابندی بھی عائد کر دی جس کے بعدمولانا فضل الرحمن نے ملک گیر احتجاج کی کال دیدی جس پرکارکنوں نے کئی شہروں میں احتجاج کیا اور سڑکوں پر دھرنے دیئے جبکہ رات گئے تک گزشتہ روز جے یو آئی (ف)کا اجتماع نہ ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی ضلعی انتظامیہ نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے 26نومبر کو اعلان کردہ ‘‘تحفظ آئین پاکستان و عوامی حقوق کانفرنس ’’کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کر رکھے تھے، دفعہ 144 کے نفاذ پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے موٹر وے سالم انٹر چینج، سیال موڑ انٹرچینج،بھیرہ انٹر چینج،جی ٹی روڈ پر تحصیل شاہ پور کے مقام پر خوشاب والا پل،تحصیل ساہی وال میں لنگر والا پل کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی،فاطمہ جناح روڈ پر واقع جلسہ گاہ کے اطراف کاروباری مراکز جزوی طور پر بند رہے، بعض دکانوں پر تالے لگے رہے جبکہ کانفرنس کے انعقاد کیلئے سٹیج بھی تیار نہ ہو سکا اور شہر میں جے یو آئی کارکنوں کی موجودگی بھی دکھائی نہ دی اور رات گئے تک مجوزہ اجتماع منعقد نہ ہو سکا۔ داخلی و خارجی راستیبند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے مولانا عبدا ٓاحمد سمیت جے یو آئی کے 11کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ٹریول ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ موٹروے ایم ٹو پر کوٹ مومن انٹرچینج کو صبح ساڑھے گیارہ بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک چھ گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا ہے۔ایس پی انویسٹیگیشن سرگودھا عمران عباس چدھڑ نے میڈیا کو بتایا کہ کوٹ مومن انٹرچینج کو اعلیٰ حکام کی ہدایات پر بند کیا گیا اور صورتحال معمول پر آنے کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ مزید برآں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں عوامی احتجاج کے باعث کئی شاہراہیں اور سڑکیں بند ہیں ،بعض ٹول پلازے ’تا حکمِ ثانی‘ بند ہیں۔ ادھر سرگودھا انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمن سمیت 9 افراد کے ضلع کی حدود میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ، ضلع میں دفعہ 144 کاپہلے ہی نفاذ ہے۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا کے جاری حکم نامے کے مطابق پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور 25 دسمبر 2026 تک برقرار رہے گی۔ پابندی کی زد میں آنے والی شخصیات میں مولانا فضل الرحمن، مولانا نصیر احمد ابرار، مولانا امجد خان، مولانا صفی آ، پروفیسر غضنفر عزیز، مولانا محمد نور خان ، مولانا محمد ذکریا شاہ، مولانا محمد یحیی عباسی اور مولانا جمال عبدالناصر شامل ہیں ، ان شخصیات کو ضلع سرگودھا کی حدود میں داخل ہونے، قیام کرنے یا موجود رہنے سے روکا گیا ہے