چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والوں سے ہر سطح پر حساب لیا جائے گا: مولانا اسجد محمود کا رد عمل
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر ڈرون کی پرواز اور اس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر جاری کیے جانے کے واقعے پر ان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں مولانا اسجد محمود نے کہا کہ ان عناصر میں شرم و حیا نام کی کوئی شے باقی نہیں رہی۔ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرکے جس جرم کا ارتکاب کیا گیا ہے، اسے ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا اور ہر سطح پر اس کا حساب لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین اس بات پر طیش میں ہیں کہ ان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے کیوں لایا جا رہا ہے، تاہم وہ مزید شدت کے ساتھ ان عناصر کے چہروں سے نقاب اتارنے کے عزم پر قائم ہیں۔ مولانا اسجد محمود نے بتایا کہ رات گئے اسلام آباد پولیس کے اہلکار مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر آئے اور دعویٰ کیا کہ ان کے موبائل فونز میں ایک ویڈیو موجود ہے، جس میں مبینہ طور پر چند افراد کو گلی کے آغاز میں کھڑے ہوکر اندر آنے والوں سے شناخت پوچھتے اور خود کو مولانا کے اہلکار ظاہر کرتے دکھایا گیا ہے۔ تاہم ان کے مطابق پولیس اہلکاروں کی جانب سے دکھائی جانے والی ویڈیو ان کی گلی کی نہیں تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ رات گئے پولیس کا گھر پہنچنا، غیرمتعلقہ اور مبینہ طور پر جھوٹی ویڈیو دکھا کر ہراساں کرنا اور سکیورٹی ہٹانے کے احکامات جاری کرنا، مولانا فضل الرحمان اور ان کے اہل خانہ کو ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے اور ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر واضح کیا جائے کہ اس کارروائی کا حکم کس نے دیا۔ مولانا اسجد محمود کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے اہل خانہ کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔ آئندہ کوئی غیرمعمولی یا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری حکومت اور متعلقہ ذمہ داران پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات جے یو آئی کے رہنما ئوں اور کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، جبکہ قوم اور کارکنوں کو اس صورتحال میں بیدار رہنا چاہیے