فیک نیوز گولی کی طرح ، ایک بار چل جائے تو واپس نہیں آتی اعظم نذیر تارڑ

 سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی روک تھام کے لئے  عالمی تعاون ناگزیر ہے ،آزادی اظہار اور غلط معلومات کے فرق کو سمجھنا ضروری ہے
 صحافتی دنیا میں ہر وقت بریکنگ نیوز کی دوڑ لگی رہتی ہے جبکہ ماضی میں معلومات کی اشاعت کے مختلف مراحل پر چیک اینڈ بیلنس موجود تھے :سیمینار سے خطاب
اسلام آبلاد(آئی این پی )وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ  سوشل میڈیا پر غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے کا چیلنج سنگین ہوتا جا رہا ہے، ایک فیک نیوز چند سیکنڈ میں دنیا بھر میں پھیل سکتی ہے،سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی روک تھام کے لئے  عالمی تعاون ناگزیر ہے جبکہ آزادی اظہار رائے کے تحفظ اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن قائم رکھنا ہوگا۔ان خیالات کااظہار  انہوں نے اسلام آباد میں ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا عظم نذیر تارڑ نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں چند سیکنڈز کے اندر غلط یا جان بوجھ کر جھوٹی خبر پھیلائی جا سکتی ہے۔ فیک نیوز بھی گولی کی مانند ہے جو ایک مرتبہ چل جائے تو واپس نہیں آتی اور اس سے کسی فرد کی ساکھ اور پورے معاشرے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافتی دنیا میں ہر وقت بریکنگ نیوز کی دوڑ لگی رہتی ہے جبکہ ماضی میں معلومات کی اشاعت کے مختلف مراحل پر چیک اینڈ بیلنس موجود تھے تاہم سوشل میڈیا نے معلومات کی اشاعت کے روایتی ضابطوں کو نئے چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے چیلنجز سے صرف قوانین، ریگولیشنز اور پالیسیوں کے ذریعے نہیں نمٹا جا سکتا بلکہ اس کے لیے انتہائی محتاط اور نپے تلے انداز میں اقدامات کرنا ہوں گے۔ ڈس انفارمیشن کی روک تھام کیلئے   قانون سازی کے ساتھ اجتماعی رویوں میں تبدیلی بھی ضروری ہے اور ہر شہری کو کوئی بھی خبر شیئر کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق کرنی چاہیے۔