پیکا ایکٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر کے معاونت کیلئے طلب کر لیا
ایسا نہیں ہم فیک نیوز کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں، رول حقوق سے متصادم نہیں ہونا چاہیے:صدر پی ایف یو جے
اگر کوئی مسئلہ ہو تو بتائیں ‘ ضرورت محسوس کریں تو متفرق درخواست دائر کر سکتے ہیں:عدالت
اسلام آباد(آئی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیکا ایکٹ کی سماعت کے دوران جسٹس امین منہاس نے ریمارکس دئیے کہ فیک نیوز مسئلہ تو ہے، کیا فیک نیوز کی کی پبلیکیشن رکنی چاہیے یا نہیں؟،عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر کے معاونت کیلئے طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس امین منہاس نے پیکا ایکٹ کے خلاف پی ایف یو جے اور اینکرز کی درخواست پر سماعت کی جس دوران صحافتی تنظیموں کے عہدیدار اور وکیل عمران شفیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا ایسا نہیں کہ ہم فیک نیوز کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں، ہم مادرپدر آزادی کے خلاف ہیں اور ہم رولز اینڈریگولیشن کے بھی خلاف نہیں ہیں مگر رولز اینڈریگولیشن آئینی اورانسانی حقوق سے متصادم نہیں ہونا چاہیے۔ دوران سماعت درخواست گزار نے پیکا ایکٹ کو معطل کرنے کی استدعا کی جب کہ درخواست گزار وکلا نے عدالت سے ایکٹ پر عملدرآمد روکنے کی بار بار استدعا کی اس پر عدالت نے کہا کہ اگر کوئی مسئلہ ہو تو بتائیں ہم یہیں بیٹھے ہیں، آپ ضرورت محسوس کریں تو متفرق درخواست دائر کر سکتے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر کے معاونت کیلئے طلب کر لیا ۔، بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر د ی ۔عدالت نے کہا کہ سماعت کی آئندہ تاریخ رجسٹرار آفس جاری کرے گا۔