شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں سب سے زیادہ بااختیار بلدیاتی ادارے بنائے ہیں۔
انہوں نے ایم کیو ایم رہنما حیدر عباس رضوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایم کیو ایم زیادہ شور مچاتی ہے تو ہم لاہور کا مقامی حکومتوں کا نظام کراچی میں لانے کو تیار ہیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ پنجاب میں ابھی تک بلدیاتی انتخابات بھی نہیں ہوئے، جبکہ کراچی سندھ کا دل ہے اور اس کی ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کا سرمایہ شہری انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات پر لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں شہری سہولیات، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، پانی اور نکاسی کے نظام کی بہتری کے لیے بھرپور کام کر رہی ہے۔ رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم کے سیاسی رویے نے کراچی کے کثیر الثقافتی شہر میں ہم آہنگی اور سماجی ترقی کو نقصان پہنچایا۔شرجیل میمن نے بتایا کہ اگر ایم کیو ایم شہری سہولیات اور بنیادی انفراسٹرکچر پر توجہ دیتی تو آج ان پر انگلیاں نہ اٹھائی جاتیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری اربوں روپے کے منصوبوں میں ایم کیو ایم رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں کر رہی ہے، حالانکہ یہ منصوبے ایم کیو ایم بھی شروع کر سکتی تھی، لیکن ان کی نیت ہی نہیں تھی۔