سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم آج بھی عوامی مینڈیٹ کے بجائے شارٹ کٹ سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اور اب اقتدار کی خواہش میں شارٹ کٹ تلاش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے وسائل کو سیاسی سودے بازی کا ذریعہ نہیں بنایا جا سکتا، جبکہ سندھ کے معاملات وفاق کے حوالے کرنے کی بات وفاقی ڈھانچے کے خلاف ایک مذموم سازش کے مترادف ہے۔شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ کے عوام کا مینڈیٹ، 1973ء کا آئین اور صوبے کا نظام کسی بھی سیاسی جماعت کی ناکامی کے بعد اسے تجربہ گاہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی مداخلت جیسے معاملات کو سیاسی دباؤ کے طور پر استعمال کرنا ایم کیو ایم کی سیاسی بلیک میلنگ کو ظاہر کرتا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو یاد رکھنا چاہیے کہ سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو واضح مینڈیٹ دیا ہے، جسے کسی پریس کانفرنس یا سیاسی دھمکی سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم کو اقتدار میں زیادہ حصہ درکار ہے تو اس کا راستہ صرف عوامی ووٹ ہے، نہ کہ وفاقی مداخلت یا آئینی اداروں کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹنا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وفاق میں حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود ایم کیو ایم کراچی کے لیے اپنے وعدے پورے کیوں نہیں کر سکی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فاروق ستار اپنی ناکامیوں کا ملبہ سندھ حکومت پر ڈالنے کے بجائے اپنے وفاقی اتحادیوں سے سوال کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کے آئینی اختیارات، صوبائی خودمختاری اور کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ان کے مطابق کراچی کی ترقی سیاسی بلیک میلنگ یا عہدوں کی تقسیم سے ممکن نہیں، جبکہ سندھ حکومت آئینی بالادستی کے تحت پورے صوبے کی ترقی اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔