ایم کیو ایم والے کان کھول کر سن لیں، شاہراہِ فیصل پر جلسے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی، شرجیل میمن

ایم کیو ایم والے کان کھول کر سن لیں، شاہراہِ فیصل پر جلسے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ کراچی کی شاہراہِ فیصل پر کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 ان کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہیں، تاہم جلسے کے انعقاد کے لیے متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت لینا لازمی ہوگا۔کراچی میں سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم والے کان کھول کر سن لیں، شاہراہِ فیصل پر جلسے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی۔ کسی بھی جماعت کو جلسہ کرنا ہے تو وہ باقاعدہ اجازت حاصل کرے اور پُرامن و قانونی طریقہ اختیار کرے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو 12 مئی جیسے واقعات دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کی آزادی حاصل ہے، لیکن کوئی بھی فریق حکومت پر اپنا فیصلہ مسلط نہیں کرسکتا۔ سندھ حکومت کسی صورت تصادم یا بدامنی کی فضا پیدا نہیں ہونے دے گی۔

صوبائی خودمختاری اور سندھ اسمبلی کا مؤقف

شرجیل میمن نے صوبائی خودمختاری اور صوبوں کے حقوق کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت اپنا مؤقف واضح کر چکی ہیں۔ سندھ اسمبلی اس معاملے پر اپنا فیصلہ دے چکی ہے اور صوبائی اسمبلی سے بالاتر کوئی قانون یا فیصلہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون موجود ہیں اور ان کی بالادستی ہر صورت مقدم ہے۔ تمام سیاسی اور انتظامی معاملات آئینی و قانونی حدود کے اندر رہ کر حل ہونے چاہئیں۔

سرکاری گندم کی قیمت میں کمی کی منظوری

سندھ کے سینئر وزیر نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے سرکاری گندم کی ریلیز پرائس 5 ہزار روپے سے کم کرکے 4 ہزار 500 روپے فی 40 کلوگرام کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ان کے مطابق گندم کی قیمت میں کمی کے نتیجے میں آٹے کی قیمت میں بھی کمی آنا شروع ہوگئی ہے اور آٹا 17 روپے فی کلو سستا ہوا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

لیڈی ڈفرن اسپتال ٹرسٹ کی رجسٹریشن کی منظوری

شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ کابینہ نے لیڈی ڈفرن اسپتال ٹرسٹ کو سندھ ٹرسٹ ایکٹ 2020 کے تحت رجسٹر کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔اس کے علاوہ ضلع جامشورو کی پانچ ترقیاتی اسکیموں کے لیے 502.409 ملین روپے کے اضافی فنڈز منظور کیے گئے ہیں، جبکہ نوابشاہ ٹاؤن، ضلع شہید بینظیر آباد میں واٹر سپلائی اور ڈرینج سسٹم کی بہتری کے لیے 2 ارب 99 کروڑ 34 لاکھ 26 ہزار روپے کی لاگت سے اسکیم کی منظوری بھی دی گئی۔

کچی آبادیوں کے مسائل اور کراچی کا ٹریفک نظام

سینئر وزیر نے بتایا کہ کچی آبادیوں سے متعلق معاملات کے حل کے لیے سندھ کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ کمیٹی کچی آبادیوں کے مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو آپریشن سے متعلق قوانین اور تجاویز مرتب کرے گی تاکہ شہریوں کو مختلف امور کے لیے الگ الگ دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔کراچی میں ٹریفک کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک مینجمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی اور اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔