شرجیل میمن کا ایم کیو ایم کے الزامات پر سخت ردعمل

شرجیل میمن کا ایم کیو ایم کے الزامات پر سخت ردعمل

کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی داخلی کمزوریوں اور تضادات سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے الزامات کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات کے لیے کراچی کے عوام کے جذبات کا استحصال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی نفرت کی سیاست نے اسے تقسیم در تقسیم کر دیا ہے، مگر اس کے رہنما اب بھی باز نہیں آ رہے۔ شرجیل میمن کے مطابق، ایم کیو ایم مسلسل تعصب، نفرت اور فریب کی سیاست کو ہوا دے رہی ہے، لیکن کراچی کے عوام اب اس کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

سندھ کے سینئر وزیر نے مزید کہا کہ کراچی تمام پاکستانیوں کا شہر ہے اور متحدہ قومی موومنٹ کو خود کو اس شہر کا واحد نمائندہ ظاہر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے بچے سب کے بچے ہیں، اور عوام جانتے ہیں کہ ان کے ہاتھوں میں کتاب کے بجائے بندوق کس نے دی تھی۔انہوں نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی دہائیوں تک کراچی پر حکمرانی کرتی رہی اور اب حقوق کی بات کر رہی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عوام ان کے اصل چہرے کو پہچان چکے ہیں اور اب وہ نفرت اور دھوکہ دہی کی سیاست کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔