سانحہ 9 مئی پرامریکہ اور برطانیہ کی طرح فوری انصاف ہوناچاہئے تھا:خواجہ آصف

سانحہ 9 مئی پرامریکہ اور برطانیہ کی طرح فوری انصاف ہوناچاہئے تھا:خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو سزا دینے کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے پر انصاف کا عمل امریکہ اور برطانیہ کی طرح فوری طور پر ہونا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے مقدمات میں تاخیر نے ملزمان اور سہولتکاروں کے حوصلے بڑھا دیے، اور اس تاخیر کا اثر سانحہ 9 مئی کے متاثرین کے ساتھ ساتھ ملک کے امن و استحکام پر بھی پڑا۔خواجہ آصف نے اپنی ٹویٹ میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ 9 مئی کے دن کی مذمت کرنے کی بجائے اس سانحے کو سیاست میں ملوث افراد نے اُلٹا ہیرو بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن شہداء اور غازیوں کی توہین کرنے والوں کے لیے نہیں بلکہ ملک کے وقار کو بڑھانے اور اس کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے سرفروشوں کے لیے مخصوص ہونا چاہیے تھا۔

وزیر دفاع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں کی گرفتاری اور ان کو سزا دلوانے تک انصاف کا عمل جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف قانونی کارروائی نہ صرف اُن افراد کو انصاف دلانے کے لیے ضروری ہے جو اس دن متاثر ہوئے، بلکہ یہ ملک کی سالمیت اور ریاستی اداروں کی عزت کا معاملہ بھی ہے۔خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس سانحے کے ذمہ داروں کو ہر سطح پر سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی پرتشدد کارروائیوں کا سدباب کیا جا سکے اور قوم کا اعتماد بحال ہو۔