نئی دہلی (آئی این پی )مودی سرکار کی طرف سے ترقی اور خوش حالی کے غیر معمولی دعوووں کے باوجود بھارت کے باشندے ملک کو چھوڑ کر بیرونِ ملک قدم جمانے کے بھرپور خواہش مند ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق 2022 میں بھارتی باشندوں نے ریکارڈ تعداد میں دوسرے ملکوں کی شہریت حاصل کی اور اپنے بھارتی پاسپورٹ سرنڈر کردیے۔ بھارت کے نوجوانوں میں مایوسی کا گراف بلند ہو رہا ہے۔ وہ اس بات کا شِکوہ کرتے رہتے ہیں کہ انہیں اپنی صلاحیت و سکت کے مطابق اجرت نہیں مل رہی۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق ایک کروڑ 30 لاکھ بھارتی محنت کش، ہنرمند اور ماہرین بیرونِ ملک مقیم ہیں۔اس وقت متحدہ عرب امارات میں 35 لاکھ 54 ہزار، سعودی عرب میں 22 لاکھ 19 ہزار، کویت میں 8 لاکھ 29 ہزار، قطر میں 8 لاکھ، عمان میں 5 لاکھ 30 ہزار بھارتی باشندے خدمات انجام دے رہے ہیں۔