اسلام آباد(آن لائن)سابق نگران وزیراعظم سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ مسلم لیگ (ق) ڈنمارک کے نومنتخب صدر راجہ فرہاد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب کا اہتمام پاکستان مسلم لیگ (ق) اوورسیز کے سینئر رہنما مرزا اظہر بیگ نے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سید توقیر حسین شاہ، جنرل سیکرٹری راجہ طارق محمود سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔انوار الحق کاکڑ نے نومنتخب صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف زرِ مبادلہ کی صورت میں ملکی معیشت کو سہارا دیتے ہیں بلکہ وہ جس ملک میں رہتے ہیں وہاں پاکستان کے غیر سرکاری سفیر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل، سرمایہ کاری کے تحفظ اور ان کی قومی دھارے میں مؤثر شمولیت کے لیے مربوط پالیسی ناگزیر ہے۔