غزہ: اسرائیلی فورسز کے تازہ حملے،مزید 30فلسطینی شہید ، 40سے زائد زخمی،مسجد بھی شہید

حملوں سے ایک اسرائیلی یرغمالی بھی مارا گیا ،اسرائیلی فوج نے لبنان کے مشرقی علاقوں میں فضائی حملے کر کے مزید 24 افراد کو شہید کردیا
 غزہ؍بیروت (آئی این پی)اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پٹی پر تازہ حملوں میں خواتین و بچوں سمیت مزید 30 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 120 فلسطینی شہید ہوئے ہیں،بمباری سے مسجد بھی شہید کردی گئی جبکہ اسرائیلی حملوں سے ایک اسرائیلی یرغمالی بھی مارا گیا۔ جبکہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے مشرقی علاقوں میں فضائی حملے کر کے مزید 24 افراد کو شہید کردیا،لبنان سے ڈرون اسرائیل میں داخل ہونے پر سائرن بج اٹھے۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطین کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ صہیونی فوج نے سفاکانہ کارروائی میں شمالی حصے میں ایک ہسپتال کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں طبی عملے کے متعدد ارکان زخمی ہوئے، حملے میں طبی آلات کو بھی نقصان پہنچا ۔محکمہ صحت کے مطابق غزہ کے مضافاتی علاقے زیتون میں رات گئے اسرائیلی فورسز نے ایک گھر کو نشانہ بنایا، اس حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ دیگر افراد وسطی اور جنوبی غزہ پر کیے گئے حملوں میں شہید ہوئے۔ اسرائیل کی فورسز کے حملو ں میں 19 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ جبکہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران فلسطینی شہداء کی تعداد120سے تجاوز کرگئی ۔ادھر حماس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حملے کے نتیجے میں اسرائیل کی ایک خاتون قیدی بھی ہلاک ہوگئی ہے۔ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی وجہ سے ہلاک ہونے والی اسرائیلی خاتون کے ساتھ موجود دیگر خواتین قیدیوں کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے وسطی علاقے کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی حملے میں 11 افراد شہید ہوگئے اور متعدد زخمی ہوئے۔ اسرائیلی بمباری سے متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ طائرکے علاقے میں اسرائیلی فورسز نے ماہی گیروں کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنان کے مشرقی علاقوں میں فضائی حملے کرتے ہوئے مزید 24 افراد کو شہید کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان پر فضائی حملے کیے جا رہے ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر لوگ شہید ہو رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے لبنان کے مشرقی علاقوں پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں مزید 24 افراد شہید اور 45 افراد زخمی ہوگئے جبکہ حزب اللہ نے بھی تل ابیب میں اسرائیلی فضائی اڈے کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا۔