خیبر پختونخوا میں چور بجلی کی ٹرانسمیشن لائن لے اڑے:40سے زائد علاقے بجلی سے محروم

  موٹروے ناردرن بائی پاس کے قریب 11ہزار کے وی ٹرانسمیشن لائن کی چوری سے پورفیڈرسے بجلی کی ترسیل بندہوگئی
پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا میں چوری کی واردات میں چور بجلی کی ٹرانسمیشن لائن ہی لے اڑے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور میں موٹروے ناردرن بائی پاس کے قریب بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کی انوکھی چوری نے حکام کو حیران کر دیا، جہاں نامعلوم چور 11ہزار کے وی کی قیمتی بجلی کی لائن چرا کر لے گئے، جس کے باعث دوران پور فیڈر سے بجلی کی ترسیل مکمل طور پر بند ہوگئی۔واقعے کے بعد 40سے زائد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں اور 12گھنٹے گزر جانے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جا سکی۔حکام کے مطابق چوری کی واردات کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جب کہ بجلی کی بحالی اور مرمتی کاموں کی وجہ سے تاخیر کا امکان ہے۔دریں اثنا ء پولیس اور متعلقہ ادارے ملزمان کی گرفتاری کے لیے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔