غزہ میں تازہ اسرائیلی حملوں میں مزید 30 فلسطینی شہید

اسرائیل فوج کا شمالی غزہ میںتین فوجیوں کی ہلاکت ،حماس کے 10مزاحمت کاروں کو شہید کرنے کا دعویٰ  
غزہ؍ تل ابیب(آئی این پی) غزہ کے مسلمانوں پر قیامت خیز اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے ،، اسرائیلی فورسز کی گولہ باری، ڈرون حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں مزید 30فلسطینی شہید ہوگئے،اسرائیل فوج نے شمالی غزہ میںتین اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت اور حماس کے 10مزاحمت کاروں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل کے نصیرات کیمپ پر فضائی حملے میں 7فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، ساحلی علاقے میں اسرائیلی حملوں میں 13فلسطینی نوجوان شہید ہوئے، شمال میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی حملے میں متعدد شہادتوں کا خدشہ ہے۔شہدا ء کی مجموعی تعداد 44ہزار 758ہوگئی، 1 لاکھ 5ہزار 834زخمی ہو چکے ہیں،اسرائیلی فورسز کا جبالیہ اور بیت لاہیہ سمیت شمالی غزہ کے علاقوں کا سخت محاصرہ جاری رہا، دیر البلاح میں اسرائیلی بحریہ نے چھ فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا۔دوسری جانب جنگ بندی کی کوششوں پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی جاری ہے اور انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ ختم نہیں کریں گے، ایسا کیا تو حماس دوبارہ قوت پکڑ کر حملے شروع کر دے گی۔