جیل حکام نے منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کو ہائی پروفائل ملزمہ قرار دیتے ہوئے سٹی کورٹ میں پیشی کو سیکیورٹی رسک قرار دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جیل انتظامیہ نے عدالت میں اطلاعی رپورٹ جمع کراتے ہوئے استدعا کی ہے کہ ملزمہ کو 18 مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔جیل حکام کا مؤقف ہے کہ انمول عرف پنکی ایک ہائی پروفائل ملزمہ ہے اور اسے سٹی کورٹ لانا عوام اور سائلین کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ پیشی کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں عام شہری بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔اسی لیے جیل انتظامیہ نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ملزمہ کو وومن سینٹرل جیل سے ہی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے وومن جیل انتظامیہ کو 25 مئی کو ملزمہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی قتل، غیر قانونی اسلحہ اور منشیات سمیت 18 مقدمات میں عدالتی ریمانڈ پر ہے، جبکہ اس کے خلاف گارڈن، بغدادی، درخشان، ڈیفنس، گذری، سچل اور ایس آئی یو سینٹرل تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔