کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمات میں ملزمہ انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کو آئندہ سماعت پر لازمی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جیل حکام کی جانب سے ملزمہ اور شریک ملزمان کو آج ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ انمول پنکی کی حاضری لازمی ہے اور ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمے کی نقول فراہم کرنا ممکن نہیں۔عدالت نے سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کو رواں سال گرفتار کیا گیا تھا جبکہ انمول پنکی پر بڑے پیمانے پر منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ گارڈن میں مقدمات درج ہیں۔