انمول پنکی کی سٹی کورٹ میں پیشی خطرناک قرار، سماعت جیل میں ہوگی

انمول پنکی کی سٹی کورٹ میں پیشی خطرناک قرار، سماعت جیل میں ہوگی

کراچی ساؤتھ کی عدالت نے منشیات کے حساس کیس میں ملزمہ انمول عرف پنکی کی سٹی کورٹ میں پیشی کو سیکیورٹی خدشات کے باعث خطرناک قرار دیتے ہوئے سماعت جیل میں کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیشن جج کراچی ساؤتھ نے ہدایت کی ہے کہ ملزمہ کے ریمانڈ کی کارروائی سینٹرل جیل کمپلیکس میں کی جائے اور جوڈیشل مجسٹریٹ جیل میں جا کر کارروائی مکمل کرے۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سٹی کورٹ میں سماعت عوامی تحفظ کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے کیس کی تمام کارروائی جیل میں ہی کی جائے۔پولیس کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزمہ کی پیشی کے دوران امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ موجودہ حالات میں احتیاط ضروری ہے۔

واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف تھانہ بغدادی میں مقدمہ نمبر 147/2026 درج ہے، جس میں مختلف سنگین دفعات شامل ہیں۔سیشن جج ظہور احمد ہکڑو کی جانب سے جاری حکم نامے میں متعلقہ حکام کو فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تفتیشی افسر کو بھی کارروائی کی نگرانی کرنے کا کہا گیا ہے۔دوسری جانب درخشاں پولیس نے عدالتی ریمانڈ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست بھی دائر کر دی ہے۔