منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی عدالت میں پیشی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں جیل حکام نے درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سیکیورٹی وجوہات کے باعث ملزمہ کو عدالت میں پیش کرنا ممکن نہیں، لہٰذا آئندہ سماعتوں میں اسے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔جیل حکام کی جانب سے عدالت میں کورٹ پولیس کا خط بھی پیش کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو آج دو مختلف مقدمات میں عدالت کے روبرو پیش کیا جانا تھا، تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسے جیل سے عدالت منتقل نہیں کیا جا سکا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کے لیے جیل میں تمام ضروری انتظامات پہلے سے موجود ہیں، اس لیے عدالت آئندہ سماعتوں میں آن لائن پیشی کی اجازت دے۔