لوئر دیر کی تحصیل ادینزئی کے مختلف علاقوں میں گھنے جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو ہو گئی ہے، جس کے باعث جنگلات، جنگلی حیات اور قریبی آبادی کو شدید خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں خانپور، ترناؤ، اسبنڑں، باغکنڈئ، رامیال غزو، باڈوان، کوٹیگرام اور اوسکئی شامل ہیں جہاں آگ کئی کلومیٹر تک پھیل چکی ہے۔ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف دیر لوئر کے اہلکار اور مقامی رضاکار آگ بجھانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ تاہم آگ کی شدت، گھنا جنگل اور تیز ہواؤں کے باعث کارروائیاں مشکلات کا شکار ہیں۔علاقے میں صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ آگ رہائشی علاقوں کی طرف بڑھنے لگی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے مساجد میں اعلانات کیے جا رہے ہیں اور عوام سے آگ بجھانے میں تعاون کی اپیل کی جا رہی ہے۔
تاحال آگ لگنے کی وجوہات واضح نہیں ہو سکیں۔ متعلقہ ادارے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں، مگر آگ پر قابو پانے میں وقت درکار ہے۔ جنگلات کے متاثر ہونے سے حیاتیاتی تنوع اور مقامی ماحولیاتی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ فوری طور پر ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور ضرورت پڑنے پر ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی لی جائے تاکہ انسانی جانوں اور قدرتی وسائل کو بچایا جا سکے۔