الکوت : عراق کے مشرقی شہر الکوت میں واقع ایک بڑے شاپنگ مال (ہائپر مارکیٹ) میں رات کے وقت لگنے والی شدید آگ نے کم از کم 60 افراد کی جان لے لی جبکہ 11 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید لاشیں جلے ہوئے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانچ منزلہ عمارت مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں ہے جبکہ فائرفائٹرز بڑی مشکل سے آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق ان ویڈیوز کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔شہر کے محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ "59 افراد کی شناخت ہو چکی ہے، لیکن ایک لاش اتنی بری طرح جھلس چکی ہے کہ اس کی شناخت ممکن نہیں رہی۔"الکوت کے ایک اعلیٰ اہلکار علی المیاحی کے مطابق، "کئی لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، جنہیں نکالنے کا عمل جاری ہے۔"آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی، تاہم صوبہ واسط کے گورنر نے عراقی سرکاری نیوز ایجنسی (INA) کو بتایا کہ "آئندہ 48 گھنٹوں میں ابتدائی تحقیقات کا نتیجہ جاری کر دیا جائے گا۔"گورنر کے مطابق شاپنگ مال کے مالکان اور عمارت کے ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔یہ واقعہ عراق میں حالیہ برسوں کے دوران ہونے والے بدترین شہری آتشزدگی حادثات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے، جس پر ملک بھر میں غم اور غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔