وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چینی سفیر کی ملاقات، آہنی دوستی کے فروغ کے عزم کا اعادہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چینی سفیر کی ملاقات، آہنی دوستی کے فروغ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اسحاق ڈار، احسن اقبال، عطاء تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے شی جن پنگ اور لی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات پر اطمینان ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان قریبی روابط کے ذریعے ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو کی گئی۔چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔