پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ عالمی ٹائٹل جیت لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے باکسر ایلم بیگچ کے خلاف مقابلے میں حمزہ شیراز نے جارحانہ آغاز کیا اور دوسرے راؤنڈ میں ہی فیصلہ کن ناک آؤٹ کے ذریعے فائٹ اپنے نام کر لی۔ ریفری نے جرمن حریف کی حالت دیکھتے ہوئے مقابلہ فوری طور پر روک دیا۔میچ کے دوران 26 سالہ باکسر نے تیز رفتار اور درست پنچز کے ذریعے حریف کو دباؤ میں رکھا، جبکہ ایک خطرناک لیفٹ ہک نے مقابلے کا رخ مکمل طور پر بدل دیا۔اس کامیابی کے ساتھ وہ وہ ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ بیلٹ کے نئے عالمی چیمپئن بن گئے، جو اس سے قبل ٹیرنس کرافورڈ کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہوئی تھی۔
فتح کے بعد حمزہ شیراز نے رنگ میں سجدہ شکر ادا کیا اور اپنی ٹیم کے ساتھ کامیابی کا جشن منایا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ 168 پاؤنڈ کیٹیگری کے تمام بڑے عالمی باکسرز کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔اس سے قبل وہ ستمبر 2024 میں یورپی مڈل ویٹ ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں، جب انہوں نے ٹائلر ڈینی کو شکست دی تھی۔ان کی اس شاندار کامیابی پر پاکستانی اور بین الاقوامی شائقین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔