بلاول بھٹو زرداری نے ویٹ لینڈز کے عالمی دن پر تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا

بلاول بھٹو زرداری نے ویٹ لینڈز کے عالمی دن پر تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آب گاہوں (ویٹ لینڈز) کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ویٹ لینڈز کو ماحولیات، غذائی تحفظ اور موسمیاتی استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے ان کے تحفظ کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ویٹ لینڈز فطری نظام کا ایک لازمی جزو ہیں، جو نہ صرف حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھتے ہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب ویٹ لینڈز تباہ ہوتے ہیں تو فطرت کی آواز دب جاتی ہے اور اس تباہی کا سب سے زیادہ نقصان ہمیشہ غریب اور کمزور طبقات کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے دریاؤں، جھیلوں، دلدلی علاقوں، مینگرووز اور نازک ڈیلٹائی نظام سمیت اپنے ویٹ لینڈز کو نظرانداز کرنا ملک کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے خاص طور پر سندھ کے ویٹ لینڈز اور مینگرووز کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدرتی حفاظتی دیوار کے طور پر ساحلی آبادیوں کو سمندری طوفانوں، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے بچاتے آئے ہیں اور نسلوں سے لاکھوں افراد کے روزگار کا ذریعہ بھی رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ویٹ لینڈز اور مینگرووز کا تحفظ محض ایک ماحولیاتی ضرورت نہیں بلکہ یہ سماجی انصاف کا بھی تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس اصول پر یقین رکھتی ہے کہ ماحولیاتی پالیسیوں اور اقدامات کی بنیاد عوامی فلاح و بہبود پر ہونی چاہیے، تاکہ پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔آخر میں انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، مقامی کمیونٹیز، سول سوسائٹی اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ویٹ لینڈز کے محافظ بنیں، قدرتی وسائل کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں اور انسان و فطرت کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیں، تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ، سرسبز اور امید سے بھرپور مستقبل تشکیل دیا جا سکے۔