شہر کے مڈل کلاس علاقوں کی آواز سنی گئی

شہر کے مڈل کلاس علاقوں کی آواز سنی گئی

لاہور (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کے اندرون و متوسط علاقوں کی ترقی کے لیے 12 ارب روپے سے زائد لاگت کے شاہراہوں کی بحالی اور بیوٹیفکیشن پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں لاہور کے تاریخی اور مصروف علاقوں کی سڑکوں اور چوکوں کی ازسرِنو تعمیر، تزئین و آرائش اور ماڈرن ڈیزائن کے مطابق بحالی کے منصوبے منظور کیے گئے۔

ریلوے اسٹیشن تا آزادی انٹرچینج سڑک کی تعمیر و بحالی پر 1 ارب 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی، اور یہ منصوبہ 10 ماہ میں مکمل ہوگا۔
مصری شاہ اور نواحی علاقوں کی سڑکوں کی مرمت و بہتری پر 6 ارب 95 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔
داتا دربار تا بھاٹی چوک ری ماڈلنگ منصوبے کے لیے 1 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے لیے 4 کنال زمین ایکوائر کی جائے گی، اور منصوبہ 18 ماہ میں مکمل ہوگا۔
اسی طرح آؤٹ فال روڈ، ریٹی گن روڈ اور راوی روڈ کی تعمیر و بحالی پر 1 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ داتا دربار پراجیکٹ کی فنڈنگ ایل ڈی اے کرے گا جبکہ دیگر تمام منصوبوں کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار، مقررہ مدت اور شہری سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جائیں۔انہوں نے ٹیپا کو ہدایت دی کہ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد تمام منصوبوں کے پی سی ون فوری طور پر تیار کیے جائیں اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات (P&D) سے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے۔