لندن: پاکستانی نژاد برطانوی اوپرا گلوکارہ سائرہ پیٹر نے لندن کے تاریخی رائل البرٹ ہال میں شاندار پرفارمنس کے ذریعے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
رائل البرٹ ہال میں منعقدہ کنسرٹ میں سائرہ پیٹر کے ساتھ 525 سے زائد مغربی کلاسیکل موسیقاروں نے شرکت کی، جن میں آل سولز آرکسٹرا اور تقریباً 400 آوازوں پر مشتمل عظیم الشان کورس بھی شامل تھا۔اس بڑے کلاسیکل میوزیکل اجتماع میں سائرہ پیٹر کی شرکت کو پاکستانی فنکاروں کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ سائرہ پیٹر کو پاکستانی موسیقی اور اوپرا کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے حوالے سے بھی نمایاں مقام حاصل ہے۔سائرہ پیٹر کو ایک اور اہم اعزاز بھی حاصل ہوا ہے۔ وہ ستارۂ امتیاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بننے جا رہی ہیں۔ حکومت پاکستان نے 2026 میں صدارتی اعزاز ستارۂ امتیاز کے لیے ان کا انتخاب کیا ہے، جو انہیں آئندہ برس 23 مارچ کو منعقد ہونے والی تقریب میں دیا جائے گا۔
صدارتی اعزازات کا اعلان 14 اگست کو
واضح رہے کہ پاکستان میں صدارتی اعزازات کا اعلان ہر سال 14 اگست کو کیا جاتا ہے، جبکہ منتخب شخصیات کو یہ اعزازات اگلے برس 23 مارچ کو منعقد ہونے والی خصوصی تقریبات میں دیے جاتے ہیں۔یہ تقریبات ایوانِ صدر کے علاوہ چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز میں بھی منعقد کی جاتی ہیں، جہاں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو قومی اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔سائرہ پیٹر کی رائل البرٹ ہال میں تاریخی پرفارمنس اور ستارۂ امتیاز کے لیے انتخاب کو پاکستانی فنونِ لطیفہ اور کلاسیکل موسیقی کے عالمی منظرنامے میں ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔