بوٹو مارشل آرٹس کک باکسنگ مقابلے: پاکستانی عروج ناز نے آذربائیجان کی باکسر کو شکست دے دی

بوٹو مارشل آرٹس کک باکسنگ مقابلے: پاکستانی عروج ناز نے آذربائیجان کی باکسر کو شکست دے دی

آذربائیجان میں منعقدہ بوٹو مارشل آرٹس کِک باکسنگ مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد فتوحات اپنے نام کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والی اور پاکستان کسٹمز کی نمائندہ عروج ناز نے خواتین کے مقابلے میں آذربائیجان کی باکسر علیوا زینب کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے واضح برتری حاصل کی۔ ان کی اس شاندار کامیابی نے ایونٹ میں پاکستان کا نام نمایاں کر دیا۔اسی ایونٹ میں پاکستان کے ایک اور کھلاڑی آغا کلیم نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کے حریف کھلاڑی کو شکست دی اور وکٹری اسٹینڈ تک رسائی حاصل کی۔ دونوں کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر میڈلز سے نوازا گیا۔

عروج ناز نے کامیابی کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے فخر کی بات ہے اور وہ آئندہ بھی ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ایونٹ میں دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں حنان، نثار اور صابر نے بھی بہتر کھیل پیش کیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ آغا کلیم نے اپنی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر میدان میں پاکستان کی کامیابی ان کے لیے باعث فخر ہے۔