امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے 86 دن بعد عراق سے پاکستان کے لیے براہِ راست پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔
عراقی ایئرلائن عراق ایئر کی پہلی پرواز IA-409 آج صبح 4 بج کر 53 منٹ پر بغداد سے روانہ ہو کر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ حکام نے پرواز کی بحالی کو دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں کی بحالی کی اہم پیش رفت قرار دیا۔اسی سلسلے میں واپسی کی پرواز IA-410 صبح 7 بج کر 14 منٹ پر کراچی سے بغداد کے لیے روانہ ہوئی، جس کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ آپریشن دوبارہ فعال ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق اس روٹ پر آخری براہِ راست پرواز 28 فروری کو بغداد سے کراچی پہنچی تھی جبکہ IA-409 نے آخری بار 15 فروری کو کراچی سے بغداد کا سفر کیا تھا۔ بعد ازاں 2 اور 3 مئی کو شیڈول پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی تھیں۔عراق ایئر حکام نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں بغداد سے اسلام آباد کے لیے بھی براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا امکان ہے، جس سے پاکستان اور عراق کے درمیان فضائی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔