ازبکستان کی نجی بجٹ ایئر لائن سینٹرم ایئر نے تاشقند اور کراچی کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نئی فضائی سروس کا آغاز 3 ستمبر سے کیا جائے گا، جس سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سفر، سیاحت اور تجارتی روابط کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔ایئر لائن کے مطابق تاشقند اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار چار دوطرفہ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ شیڈول کے مطابق پروازیں C6-565 اور C6-566 ہر جمعرات اور اتوار کو دونوں شہروں کے درمیان چلیں گی، جس سے مسافروں کو براہِ راست سفری سہولت میسر آئے گی۔سینٹرم ایئر کا قیام 18 جنوری 2023 کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں عمل میں آیا تھا۔ مختصر عرصے میں ایئر لائن نے اپنے آپریشنز میں نمایاں توسیع کرتے ہوئے 16 طیاروں پر مشتمل بیڑے کے ساتھ 18 ممالک کے 56 مقامات کے لیے پروازیں شروع کر رکھی ہیں۔یاد رہے کہ سینٹرم ایئر 21 اپریل 2026 سے تاشقند اور لاہور کے درمیان بھی براہِ راست پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔ اب کراچی کو بھی اپنے بین الاقوامی روٹ نیٹ ورک میں شامل کیے جانے سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے مزید مضبوط ہوں گے اور کاروباری، سیاحتی و ثقافتی تبادلوں میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔