اسلام آباد: جرمن ایئرلائن یو ایس سی (USC GmbH) نے پاکستان میں براہِ راست فضائی آپریشنز شروع کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے، جسے ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے جرمن کمپنی یو ایس سی جی ایم بی ایچ کی نامزدگی قبول کرلی ہے، جس کے بعد جرمنی اور پاکستان کے درمیان فضائی آپریشنز شروع کرنے کے لیے ایک اہم ریگولیٹری مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق جرمن ایئرلائن نے پاکستان کے دو بڑے شہروں کے لیے پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ نئی غیر ملکی ایئرلائن کی آمد سے پاکستانی فضائی مارکیٹ میں مسابقت بڑھنے اور مسافروں کو سفری سہولیات کے مزید مواقع میسر آنے کی توقع ہے۔
ایئرلائن کے آپریشنز شروع ہونے سے پاکستان اور جرمنی کے درمیان فضائی رابطوں میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ سیاحت، کاروبار اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو بھی فروغ ملنے کے امکانات ہیں۔ماہرین کے مطابق نئی ایئرلائن کی آمد سے مقامی ایوی ایشن سیکٹر میں کاروباری سرگرمیوں کو وسعت مل سکتی ہے۔ طیاروں کی لیزنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ اور مقامی سطح پر بھرتیوں کے ذریعے سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔